پنجاب حکومت کا دیگر صوبوں کو گندم فروخت کرنے کا اصولی فیصلہ
01-24-2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کی فلور ملز اور نجی پارٹیوں کو سرکاری گندم کی فروخت کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ خوراک پنجاب نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فلورملز اور نجی پارٹیوں کو سرکاری گندم فروخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی فلورملز اور نجی پارٹیاں بھی پنجاب کی سرکاری گندم خرید سکیں گی۔ محکمہ خوراک پنجاب 4ہزار786 روپے فی من قیمت پر سرکاری گندم فروخت کرے گا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس قیمت پر دوسرے صوبوں کی فلور ملز کی جانب سے بڑی خریداری کا امکان نہیں، 26 جنوری کے وزارت فوڈ سکیورٹی کے اجلاس میں مشترکہ سفارشات پیش کی جائیں گی۔ سیکرٹری فوڈ پنجاب محمد عثمان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے فوڈ ڈائریکٹوریٹس کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ نگران کابینہ کی منظوری کے تحت تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی فلورملز اور نجی پارٹیوں کو سرکاری گندم فروخت کی جا سکتی ہے۔