والدین نمونیا سے بچاؤ کیلئے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، وزیرصحت
01-24-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ والدین نمونیا سے بچاؤ کے لیے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ سردی اور سموگ میں اضافہ ہوا، چھوٹے بچوں کی قوت مدافعت کم ہے، پاکستان میں ماں کا دودھ پلانے کا رجحان کم ہورہا ہے، ماں کا دودھ نہ پینے سے بچے نمونیا کا شکار ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ نمونیا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، بچوں کو رش اور بند جگہ پر نہ رکھیں، بچوں کو بیمار افراد سے دور رکھیں، بچوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پلائیں، نمونیا ستر فیصد وائرس سے پھیل رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نمونیا کے لیے اینٹی بائیوٹیکس ادویات کا استعمال نہ کیا جائے، اینٹی بائیوٹیکس سے نمونیا ٹھیک نہیں ہوگا۔