'ہماری بات ہو گئی' ن لیگ کے منشور کا صرف یہی نکتہ ہے: پلوشہ خان
01-24-2024
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور کا صرف ایک نکتہ ہے، ہماری بات ہوگئی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا ہے کہ آج کیا تاریخ ہوگئی ہے ان کا منشور سامنے نہیں آیا، ان کا صرف ایک نکتہ سامنے آیا ہے کہ ہماری بات ہوگئی، کیا پورے پاکستان میں کوئی بندہ نہیں جو آپکو منشور لکھ کر دے سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اردو کا قاعدہ اور منشور لکھنے میں بہت فرق ہوتا ہے، جس نے پاکستان بنایا اس کا اس مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں۔ پلوشہ خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی لاہور کے ایک حلقے کی سیاست نے مسلم لیگ ن کے پورے پنجاب سے پیر اکھاڑ دیئے ہیں، پورے پنجاب کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن کی ایک حلقے کی وجہ سے نیندیں اڑی ہوئی ہیں، ہمیں ان کےخوف سے اندازہ ہورہا ہے کہ ہم جیت رہے ہیں۔ رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی کارکن ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے کہ آپ کراچی سے لوگوں کو یہاں بلاکر انٹرویو کرتے ہیں، آپ کو کیا خوف ہے کہ کسی اور کو یہاں برداشت نہیں کرنا چاہتے؟ ان کا کہنا تھا کہ آپ یہاں سے مال لوٹ کر گئے اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بنائے، آپ کی یادداشت تازہ کرا دیں کہ آپکے بڑے بیگ بھر بھر کر کوئٹہ لیکر جاتے تھے۔ پلوشہ خان نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اقتدار کی خاطر تعصب کے شعلے بھڑکانا چاہ رہی ہے، ن لیگ ملک میں صوبائیت کے شعلے بھڑکا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور بلاول بھٹو کے لیے نہیں مریم اورنگزیب کے لیے نیا ہوسکتا ہے، پیپلز پارٹی پنجاب میں بھرپور انتخابی مہم شروع کیے ہوئے ہے، پیپلز پارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، بلاول بھٹو بھی یہاں سے ہی الیکشن لڑ رہے ہیں۔