ڈالر کی مسلسل تنزلی، روپیہ مزید تگڑا، سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان

01-24-2024

(لاہور نیوز) پاکستان روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک میں ڈالر مزید 11 پیسے سستا ہونے کے بعد 279 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ سٹاک مارکیٹ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان آج بھی جاری ہے، 100 انڈیکس 511 پوائنٹس اضافے کے بعد 64 ہزار 966 پر پہنچ گیا۔ پی ایس ایکس کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 511.85 پوائنٹس یا 0.79 فیصد اضافے کے بعد 64 ہزار 966 پر جا پہنچا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس 514 پوائنٹس یا 0.81 فیصد بڑھ کر 64 ہزار 454 پر پہنچ گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز انڈیکس میں 79 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا، اس سے ایک روز قبل پاک ایران کشیدگی کے سبب انڈیکس 364 پوائنٹس یا 0.57 فیصد تنزلی کے بعد 63 ہزار 202 پر آگیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 2023 پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے اچھا سال ثابت ہوا جس کے آغاز کے ساتھ اختتام بھی مثبت رجحان پر ختم ہوا تھا۔