نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کرکے نئی سوچ اور سیاست لانی ہو گی: بلاول بھٹو

01-23-2024

(ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں، ایک نئی سوچ اور سیاست لانی ہو گی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پورے معاشرے میں معاشی بحران پیدا کیا گیا ہے، یہ ذاتی انتقام لینے کیلئے سیاست کر رہے ہیں جس سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، بینظیر بھٹو انتقام لینے کے بجائے غریب عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی تھیں، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں، ایک نئی سوچ اور سیاست لانی ہو گی، میاں صاحب کا پہلا اور دوسرا دور کسی آمریت سے کم نہیں تھا، پیپلزپارٹی نے کبھی انتقال کی سیاست نہیں کی، آپ سے یہ نہیں کہتا کہ نفرت و تقسیم کی سیاست کریں، آپ اپنے منشور اور نظریئے پر سیاست کریں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست کے بجائے نظریہ کی سیاست چاہتے ہیں، گھر گھر جا کر پیپلزپارٹی کا منشور اور معاشی معاہدہ سمجھائیں، اگر مجھے وزیراعظم بناتے ہو تو کسی سے انتقام نہیں لوں گا۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول کیلئے سہولتیں فراہم کریں گے، نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ لے کر آئیں گے، مجھے موقع دیں 6 ماہ میں مفت علاج کا ہسپتال بنا کر دکھاؤں گا۔