ٹیم مینجمنٹ کو آئینہ دکھانے پر کپتان عماد شکیل ورلڈکپ فائیو اے سائیڈ سے ڈراپ

01-23-2024

(ویب ڈیسک) اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے کا غصہ ہاکی ٹیم کپتان پر اتار دیا گیا، عماد شکیل بٹ کو ورلڈکپ فائیو اے سائیڈ ٹیم سے ڈراپ کرکے وطن واپس بلالیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، کپتان کا موقف تھا کہ کوچز کی طرف سے کوئی گیم پلان نہیں دیا گیا لڑکوں نے اپنے طور پر ہر ممکن کوشش کی سب نے زور لگایا، اس کے باوجود کھلاڑیوں کو ہی شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے جبکہ لڑکے خالی جیب لیے پاکستان کی عزت میں اضافے کے لیے لڑے، کوچز کو اپنا احتساب بھَی کرنا چاہیے، صرف ٹیم کو اس چیز کا قصور وار نہ سمجھیں۔ عماد شکیل بٹ کی جانب سے ٹیم انتظامیہ کو آئینہ دکھانے کے جرم میں ورلڈکپ فائیو اے سائیڈ ٹیم کے کوچز شکیل عباسی اور دلاور حسین نے انہیں ہاکی ورلڈکپ کی ٹیم سے باہر کرکے گھر جانے کی ہدایت کردی اور اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی کی رائے بھی نہیں لی گئی۔ یاد رہے کہ عماد شکیل بٹ نے اولمپکس کوالیفائر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ خوبصورت ترین گول کرکے بھی شہرت پائی تھی۔ ورلڈکپ ہاکی فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا مینز ایونٹ 29 جنوری سے شروع ہو رہا ہے، پاکستان کو ہالینڈ، نایئجریا اور پولینڈ کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا تھا۔