پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بڑا ایکشن
01-23-2024
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹی کیمروں نے جعلی نمبر پلیٹ والی ڈیڑھ ہزار سے زائد گاڑیاں پکڑوا دیں۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق تین ہفتوں میں جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی ایک ہزار 556 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی،گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی گئیں۔ سیف سٹیز ترجمان نے بتایا ہے کہ جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں، موٹر سائیکلز، رکشوں و دیگر وہیکلز کے خلاف ایکشن لیا گیا،سیف سٹی اتھارٹی، فیلڈ فورسز کی مدد سے جعلی نمبرپلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہری کسی بھی جعلی یا غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑی کی شکایت فوراً 15 پر کریں۔