پی سی بی کے بہت سے منصوبے سرد خانے کی نذر
01-23-2024
(لاہور نیوز) ذکاء اشرف کے بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) مستعفی ہونے کے بعد ان کے دور کے بہت سے منصوبے سرد خانے کی نذر ہوگئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ذکاء اشرف کے جانے کے بعد رواں برس پی ایس ایل 9 کے ساتھ ویمنز نمائشی میچز نہیں ہو سکیں گے، ذکاء اشرف کی زیر سربراہی مینجمنٹ کمیٹی نے اس مقصد کیلئے 332 ملین روپے کا بجٹ منظور کیا تھا تاہم اس منصوبے کو فی الحال ختم کر دیا گیا ہے، سابقہ چیئرمین کے 980 ملین روپے کے دیگر منصوبے بھی سرد خانے کی زینت بن چکے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کرسیوں کی تنصیب کیلئے60 ملین،قذافی سٹیڈیم لاہور میں سولر سسٹم لگانے کے70 ملین، نیشنل سٹیڈیم کراچی، ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم میں مسٹ فینز (پنکھے) کیلئے 10 ملین روپے رکھے گئے تھے۔ ملتان اور راولپنڈی سٹیڈیم میں ڈیجیٹل سکرینز کی تنصیب کیلئے 840 ملین روپے مختص ہوئے۔ البتہ ان پراجیکٹس کی حکومت سے منظوری نہیں مل سکی، اس لیے مینجمنٹ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں ان منصوبوں کو روکنے کا فیصلہ کیا،اس میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ بجٹ میں88 ملین کے برخلاف پی سی بی کا منافع بڑھ کر تقریبا 391 ملین روپے تک پہنچ گیا۔