محسن نقوی نے چیئرمین پی سی بی بننے کی تصدیق کر دی

01-23-2024

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ بننے اور پی سی بی چیئرمین کے الیکشن میں حصہ لینے کی تصدیق کر دی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے اگلے چیئرمین ہوں گے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے انہیں پی سی بی گورننگ بورڈ میں اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے جس کے بعد وہ پی سی بی چیئرمین کے الیکشن میں حصہ لے کر آئندہ تین سال کے لیے کرکٹ بورڈ کے سربراہ بننے کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔ گزرے 13 ماہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو چوتھا نیا سربراہ ملا ہے۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق سربراہ ذکاء اشرف کا استعفیٰ منظور کیے جانے کے بعد وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے محسن نقوی کو پی سی بی گورننگ باڈی میں اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ پی سی بی آئین کے مطابق بورڈ کے الیکشن کمشنر خاور شاہ عبوری چیئرمین کے طور پر 10 رکنی بورڈ آف گورنرز تشکیل دیں گے جس میں وزیراعظم کے دوسرے نمائندے مصطفیٰ رمدے ہیں۔ عام انتخابات کے بعد محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہیں گے۔ جس کے بعد وہ پی سی بی چیئرمین کےانتخاب میں حصہ لے کر تین سال کے لیے کرکٹ بورڈ کے سربراہ بننے کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔ محسن نقوی نے لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کا سربراہ بننے کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔