شدید سردی، لکڑی و کوئلے کی مانگ میں اضافہ، قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں
01-23-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں سردی کی شدت برقرار ہونے کے باعث لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا۔
یخ بستہ موسم میں لکڑی اور کوئلے کی مانگ بڑھنے سے دکانداروں نے بھی کوئلے اور لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،ایل پی جی مہنگی ہونے کے باعث شہری لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹال مالکان کوئلہ 130 اور خشک لکڑی 40 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں کوئلے کا استعمال بڑھ جاتا ہے،سردی کو دور بھگانے اور کھانا پکانے کیلئے لکڑی اور کوئلے کا استعمال کرنا پڑتا ہے، مگر کوئلے اور لکڑی کی خریداری بھی اب آسان نہیں رہی،ہرچیز مہنگائی کی لپیٹ میں آ چکی ہے۔