وزیراعلیٰ کا رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا دورہ، تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ
01-23-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی رات گئے مراکہ ملتان روڈ پہنچے جہاں انہوں نے مراکہ سے اڈہ پلاٹ تک 8 کلو میٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے پورے پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے مراکہ ملتان روڈ سے اڈہ پلاٹ تک جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور مختلف مقامات پر اسفالٹ کے کام کی کوالٹی چیک کی، انہوں نے تعمیراتی کام کو تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امید ہے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا، لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو گی۔