پی ٹی اے کا غیرقانونی سم کارڈز کی روک تھام کیلئے اہم اقدام

01-23-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرقانونی سم کارڈز کے اجراء کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات کرتے ہوئے ڈوپلیکیٹ سم کارڈ کی فعالیت سے متعلق شرائط میں تبدیلی کردی۔

پی ٹی اے کی جانب سے کی گئی تبدیلیوں کے بعد دوسری نئی سم کے اجراء اور فعالیت کیلئے اب 8 گھنٹے کے بجائے 7 دن کا وقت درکار ہو گا تاہم پہلی نئی سم کا اجراء اور فعالیت 8 گھنٹے میں ہو جائے گی۔ پی ٹی اے کے مطابق ڈوپلیکیٹ سم کارڈ یا نمبر کا اجراء بھی 8 گھنٹے میں ہو جائے گا۔ حکام پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئے سم کارڈز کے اجراء سے متعلق  نئے اسٹینڈرڈ  آف پروسیجرز (ایس او پیز) کا نفاذ 24 جنوری 2024 سے ہو گا۔ پی ٹی اے کے  مطابق فیصلہ صارفین کی جانب سے ایک دن میں کئی کئی سمز کے اجراء اور جعلی انگوٹھوں کے نشانات کے استعمال کی روک تھام کیلئے کیا گیا ہے۔