جعلی سگریٹس کی فروخت سے ملکی خزانے کوسالانہ کتنے ارب کا نقصان ہوا؟بڑا انکشاف سامنے آگیا

01-22-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان میں مختلف برانڈز کے جعلی سگریٹس فروخت ہونے سے قومی خزانے کو سالانہ5 ارب 70 کروڑ روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کےمطابق سگریٹ کی نجی کمپنی کے نمائندوں نے میڈیا بریفنگ میں تمباکو انڈسٹری کو درپیش مسائل اورحکومت کی جانب سے قوانین کے عدم نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی سگریٹس کی فروخت پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیےجائیں۔   انہوں نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں 85  کروڑ جعلی سگریٹس فروخت ہو رہے ہیں،  اس سے قومی خزانے کو سالانہ 5 ارب 70  کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے۔ ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت مانیٹرنگ یقینی بنائے۔ معروف برانڈز کی جعلی سگریٹس پر جعلی مہروں کی چھپائی کا بھی انکشاف کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ5  ماہ میں قانونی سگریٹس سیکٹر کی پیداوار 40  فیصد تک گر گئی ہے جبکہ غیر قانونی، اسمگل شدہ اور جعلی سگریٹس کی فروخت کرنے والوں کا مارکیٹ شیئر بڑھتا جارہا ہے۔ پولیس اور ایف بی آر کی انتظامیہ متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہیں۔