اورنج ٹرین کو سولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ، فزیبلٹی رپورٹ تیار

01-22-2024

(لاہور نیوز) لاہور میں اورنج ٹرین کو سولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ اس حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔

شہر کا مہنگا ترین پبلک ٹرانسپورٹ کا منصوبہ اورنج ٹرین چلانا حکومت کے لئے درد سر بن گیا۔ گزشتہ مالی سال میں اورنج ٹرین اربوں روپے کی سبسڈی ہضم کر گئی۔ نگران وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایت پر ٹرین کو سولر پر منتقل کرنے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ اورنج ٹرین کے ڈپو ، سٹبلنگ یارڈ اور سٹیشنز پر سولر پینل لگائے جائیں گے۔ سٹبلنگ یارڈ اور اورنج ٹرین ڈپو پر سولر گرڈ سٹیشن بنائے جائیں گے۔ اورنج ٹرین کے ساتھ ساتھ  سٹیشنز بھی سولر انرجی پر منتقل ہونگے۔ خزانے کو بجلی بلوں اور سبسڈی کی مد میں سالانہ 3 ارب 90 کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔ اورنج ٹرین سسٹم پر سولر سسٹم لگانے کے لئے عالمی فرموں سے بھی ٹینڈر طلب کئے جائیں گے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ورکنگ پیپر منظوری کے لئے پنجاب کابینہ کو ارسال کر دیا۔