8 فروری کو شیر پر ٹھپہ لگا کر مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہو گا: شہباز شریف

01-22-2024

(لاہور نیوز) صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو شیر پر ٹھپہ لگا کر مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا پنجاب میں اللہ کا کرم ہے کہ یہاں میٹرو چل رہی ہے ، آپ کو معلوم ہے ہم نے میٹرو بنائی تو مذاق اڑایا گیا ، کامیاب ہو کر میٹرو کو قصور تک لے جائیں گے۔ صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ وہ کون تھا جس نے ہسپتالوں میں مفت ادویات بند کیں؟ نواز شریف نے اپنے دور میں ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کون تھا جس نے لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کو برباد کیا؟ جہاں پر امراض جگر اور گردوں کا بہترین علاج ہو رہا تھا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کون تھا ؟ جس نے نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیئے، ہم کامیاب ہو کر نوجوانوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ وظائف اور ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دیں گے۔