محسن نقوی کی سفاری زو کے داخلی راستے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت

01-22-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سفاری زو کے داخلی راستے کو مزید دلکش اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سفاری زو کا تفصیلی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا، انہوں نے انفارمیشن سنٹر کی تعمیر، شیروں،پرندوں و دیگر جانوروں کو رکھنے کے لیے مختص جگہ کا معائنہ کیا اور آبشار و دیگر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے زیر تعمیر سالٹ رینج کا بھی جائزہ لیا  او ر پورے پارک کا چکر لگایا، انہوں نے سفاری زو کے داخلی دروازے کو دلکش اور عالمی معیار کا بنانے کی ہدایت  کی۔  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سفاری زو پارک میں نائٹ سفاری کا آغاز ہو گا، تمام حفاظتی انتظامات عالمی معیار کے مطابق ہوں گے، سفاری زو میں شارک سمیت نئے جانوروں و پرندوں کا اضافہ ہو گا،نئے جانور بچوں کی دلچسپی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئےکوشاں ہیں ، سفاری زو ڈیڑھ دو سال کا پراجیکٹ تھا جس کو دنوں میں مکمل کرنے جارہے ہیں، اسے وائلڈ لائف اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ چلائے گا،  آئے تو ہم چند مہینوں کیلئے تھے، آج ہمیں ایک سال مکمل ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 31 جنوری تک تمام منصوبے مکمل ہو جائیں گے،  ہمیں بہترین ٹیم ملی،کسی نے ایک گھنٹہ بھی ضائع نہیں کیا، ہم عوام کو جو ڈلیور کرسکتے تھے کررہے ہیں،مختلف دوروں پر جانے کا مقصد سال کے بجائے کچھ مہینوں میں پراجیکٹ مکمل کرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرآپ نے غیرمعمولی کام کرانا ہے تو آپ کو بھی روایتی طریقوں سے ہٹ کر کام کرنا پڑتا ہے۔