سردی کی شدت بڑھتے ہی قدرتی گیس کی بندش کی شکایات میں اضافہ
01-22-2024
(لاہور نیوز) سردی کی شدت بڑھتے ہی قدرتی گیس کی بندش اور لو پریشر کی شکایات میں اضافہ ہونے لگا۔
شہر کے گنجان آباد اور ٹیل کے علاقوں میں گیس نایاب ہو گئی۔ شہری گیس کی بندش اور لو پریشر سے پریشان ہیں۔ ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں صبح کے ناشتے اور کھانے کے اوقات میں بھی گیس دستیاب نہیں۔ گیس کی قلت کے باعث شہری متبادل ایندھن ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ گلشن راوی، سمن آباد، اسلام پورہ، راج گڑھ، قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، شادباغ، سلطان پورہ، بھٹہ چوک ، نادر آباد، علی پارک، حاجی پورہ میں گیس کے لو پریشر کا سامنا ہے۔ مغل پورہ، داروغہ والا، شالیمار، دھرمپورہ ،باغبانپورہ، سنگھ پورہ، چائنہ سکیم، راوی روڈ اور سلامت پورہ کے متعدد علاقے گیس سے محروم ہیں۔ گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔