تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ گئیں، الیکشن 8 فروری کو ہونگے: مرتضیٰ سولنگی
01-22-2024
(ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں، عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، آئین کے تحت منتخب نمائندے ملک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں عدالت سے ایک فیصلہ آیا جس سے کچھ لوگوں کو بہت تکلیف ہوئی، پارٹی کے اندر بھی جمہوریت ہونا بہت لازم ہے، پارٹی کے اندر جمہوریت نہیں ہے تو کل مصیبت آپ کیلئے بھی ہوسکتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ پارٹی میں جمہوریت نہ ہو اور آپ ملک میں جمہوریت کا جھنڈا لیکر چل پڑیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت، خارجہ پالیسی، تعلیم، صحت سمیت اہم امور منشور ہوتے ہیں، سب سے پہلے 300 یونٹ فری بجلی کی بات جماعت اسلامی نے کی تھی، وعدے اور دعوے کرنا کوئی بڑی بات نہیں، وعدوں اور دعووں کی تکمیل سیاسی جماعتوں کا ہی کام ہے، ہمیں اپنے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانا ہوگا۔ مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں میڈیا کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، الیکشن کے حوالے سے میڈیا کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی، 18 ویں ترمیم سے صوبوں کو بااختیار بنایا گیا ہے۔