ن لیگ کا آج مانسہرہ میں پاور شو،نوازشریف خطاب کریں گے
01-22-2024
(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن آج خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم کا پہلا پاور شو کرے گی۔
حلقہ این اے 15 سے امیدوار سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی انتخابی اور دیگر امیدواروں کی مہم کے سلسلے میں مانسہرہ سٹیڈیم میں بڑے جلسے سے خطاب کریں گے، سرزمین ہزارہ پر ان کی جلا وطنی کے بعد پہلا خطاب ہوگا۔ پارٹی قائد نوازشریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی ہوں گی، جلسہ گاہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پینا فلیکس اور ن لیگ کے جھنڈوں سے جلسہ گاہ کو سجا دیا گیا، 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر اعوان جلسہ گاہ قافلوں کی صورت میں اپنے قائد میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے پہنچیں گے، کارکنان کی بڑی تعداد ابھی سے ہی جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئی ہے، جلسہ گاہ کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔