سوشل میڈیا کا استعمال دماغی صحت پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟ماہرین کی تحقیق سامنے آگئی

01-21-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے سوشل میڈیا کے استعمال سے دماغی صحت پر ہونیوالے اثرات سے متعلق تحقیق جاری کردی۔

تفصیلات کےمطابق مطابق ماہرین کا  اپنی تحقیق میں  کہنا تھا  کہ سوشل میڈیا سائٹس کا استعمال لوگوں کو تناؤ کا شکار کرکے زندگی سے ناخوش بنانے کا باعث بن سکتا ہے،تاہم اس  حوالے سےماہرین کی جانب سے  تحقیق میں 1230 افراد کو ایک آن لائن سروے میں شامل کیا گیا ،یہ افراد ہر ہفتے کم از کم ایک بار کسی ایک سوشل میڈیا سائٹ کو استعمال کرتے تھے۔ ان افراد سے 6 مختلف سوالنامے بھروائے گئے اور یہ دیکھا گیا کہ وہ کس حد تک مادہ پرست رویوں کے حامل ہیں؟ اور کس طرح دیگر سے اپنا موازنہ کرتے ہیں؟نتائج سے معلوم ہوا کہ مادہ پرست سوچ رکھنے والے افراد سوشل میڈیا سائٹس پر دیگر افراد سے اپنا موازنہ کرتے ہیں۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مادہ پرستی اور سوشل میڈیا کا بے مقصد استعمال انہیں اپنی  لت کا شکار بھی بناتا ہے،تحقیق کے مطابق جب لوگ اپنا موازنہ دیگر سے کرتے ہیں تو انہیں مختلف ذہنی مسائل جیسے تناؤ کا سامنا ہوتا ہے،تناؤ سے متاثر افراد کا زندگی پر اطمینان کم ہوتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹس کا استعمال ان افراد کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے جوبہت زیادہ مادہ پرست سوچ کے حامل ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ زیادہ پریشان کن ہے کیونکہ سوشل میڈیا کے نتیجے میں ان افراد کی مادہ پرست سوچ زیادہ بڑھ سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گزارے جانے والے وقت کو بتدریج کم کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضروری نہیں کہ سوشل میڈیا کا استعمال مکمل طور پر چھوڑ دیا جائے کیونکہ اس سے بھی ذہنی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔