پی سی بی کے رابطہ کرنے پر پی ایس ایل ترانہ بنایا لیکن۔۔۔علی ظفر نے اہم بات بتا دی

01-21-2024

(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے کہا ہےکہ پی سی بی نے ان سے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا ترانہ تیار کرنے کے لیے خود رابطہ کیا تھا لیکن بعدازاں معذرت کر لی۔

تفصیلات کے مطابق علی ظفر کے مینیجرکا اپنے بیان میں کہناتھا کہ اس سال کا پی ایس ایل ترانہ بنانے کے لیے پی سی بی نے ان سے باضابطہ طور پر خود رابطہ کیا تھا۔ علی ظفر 2 ماہ تک اپنے ذاتی اخراجات پر موسیقاروں اور میوزک پروڈیوسرز کی خدمات حاصل کرنے کے بعد پی سی بی کے لیے ترانے کے تین مختلف ورژن لے کر  آئے۔ علی ظفر نے بتایا کہ ان ورژنز  میں سے ایک کو حتمی شکل دینے کے بعد ریلیز کی تیاری جاری تھی جب انہیں بتایا گیا کہ پی سی بی کچھ وجوہات کی وجہ سے ان کے ترانے کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا۔علی طفر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس وقت ان وجوہات کی تفصیلات پر بات نہیں کر  سکتے ہیں۔ گلوکار کے منیجر کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر پی سی بی کو کسی ایک پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے تحفظات کا سامنا تھا، جس وجہ سے علی ظفر کو پی ایس ایل کے ترانے کے پراجیکٹ سے باہر کر دیا گیا۔