آصفہ بھٹو کا بلاول بھٹو کے جلسے میں مثالی شرکت پر زندہ دلان لاہور سے اظہار تشکر
01-21-2024
(لاہورنیوز) شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے بلاول بھٹو کے جلسے میں مثالی شرکت پر زندہ دلانِ لاہور سے اظہار تشکر کیا۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ لاہوریوں نے ثابت کردیا کہ وہ جمہوریت کے چاہنے والے ہیں اور سیاست میں نئی سوچ کو پسند کرتے ہیں، بلاول بھٹو کا تاریخی جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لاہور والوں نے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے والے کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دیکھ لے کہ لاہور شہید بینظیر بھٹو کے صاحبزادے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑا ہے، مسلم لیگ ن لاہور والوں کا ایسا پاور شو نہیں کرسکتی جیسا آج مختصر نوٹس پر پاکستان پیپلزپارٹی نے کیا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو مباحثے کا چیلنج کیا ہے، مسلم لیگ ن کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار میں اگر ہمت ہے تو وہ ٹی وی پر لائیو آکر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مباحثے کے چیلنج کا سامنا کریں۔