حکومت کا نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کیلئے جامع پلان مرتب
01-21-2024
(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے جامع پلان تیار کر لیا۔
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جون 2024 تک کوئی ٹیکس ایمنسٹی نہیں دیں گے۔ دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف کو ٹیل، پراپرٹی اور تعمیراتی شعبوں سے زیادہ ٹیکس وصولی کا پلان دے دیا گیا، حکومت ویب سائٹس سمیت ڈیجیٹل مارکیٹس کو بھی ٹیکس نیٹ میں لا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مزید کوئی بھی سبسڈی، ٹیکس چھوٹ یا ترجیحی سہولیات نہیں دی جائیں گی۔ حکومت نے فیول سبسڈی یا کسی قسم کی کوئی سبسڈی سکیم بھی نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم قائم کردیا ، ریٹیلرز کیخلاف اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں دکان مہم شروع کر رہی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ای انوائسنگ سسٹم، کمپلائنس رسک مینجمنٹ سسٹم سے ٹیکس نیٹ بڑھے گا، حکومت سمگلنگ کے خلاف موثر اقدامات کے ساتھ ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کی کڑی مانیٹرنگ کرے گی۔