پنجاب میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار

01-21-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 7 ہزار 832 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے، صوبے میں 15 ہزار 155 پولنگ سٹیشنز حساس  قرار دیئے گئے ہیں جبکہ 27 ہزار 475 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس ہر پولنگ سٹیشن کے باہر کم از کم 6 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے لئے 46 ہزار 992  جبکہ  حساس پولنگ سٹیشنز کے لئے 75 ہزار 775 اہلکار درکار ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی کے لئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 32 ہزار 667 اہلکار تعینات ہوں گے، ایک حلقہ میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر 200 اہلکار تعینات کئے جائیں گے، کوئیک رسپانس فورس کے لئے 28 ہزار سے زائد اہلکار درکار ہوں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فوج یا رینجرز کی تعیناتی کی صورت میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے لئے 31 ہزار 328 اہلکار درکار ہوں گے،حساس پولنگ سٹیشنز کے لئے 45 ہزار 465 جوانوں کی ضرورت ہوگی۔