پولیس رولز میں ترمیم، آپریشنز اور انویسٹی گیشن کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا حکم

01-21-2024

(لاہور نیوز) پولیس رولز میں ترمیم کرتے ہوئے آپریشنز اور انویسٹی گیشن پولیس کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

پنجاب پولیس کے 1934 کے رولز میں اہم ترمیم کی گئی جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن میں تھانے کا آپریشنز پولیس اور انویسٹی گیشن پولیس کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ دستاویز کے مطابق  آرڈر پنجاب کے تمام تھانوں کے لئے جاری کیا گیا ہے، ریکارڈ مرتب کرنے کے لئے تھانوں میں آئی ٹی پر دسترس رکھنے والے افراد کی تعیناتی کی جائے گی، تھانے کی تمام کارروائی روزانہ کی بنیاد پر سسٹم ریکارڈ کا حصہ بنائی جائے گی۔ دستاویز  میں کہا گیا  ہے کہ ڈیجیٹل ریکارڈ بنانے کے ساتھ 2 ہارڈ کاپیاں بھی بنائی جائیں گی، ایک کاپی تھانہ اور ایک ہارڈ کاپی ایس پی آفس کے ریکارڈ کا حصہ ہو گی، ایس پی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کریں گے اور ڈیجیٹل ریکارڈ سے منسلک کریں گے۔ دستاویز میں مزید کہا  گیا ہے کہ ریکارڈ مرتب ہونے سے آئی جی پنجاب کسی بھی تھانے میں درج مقدمہ کی کارروائی ایک کلک پر دیکھ سکیں گے۔