ہوشربا مہنگائی: اشیائے ضروریہ کی خریداری عوام کیلئے کڑا امتحان

01-21-2024

(لاہور نیوز) ہوشربا مہنگائی میں عوام ریلیف کو ترس کر رہ گئے، پولٹری مصنوعات اور سبزیوں کی خریداری عوام کیلئے کڑا امتحان بن گئی۔

ہوشربا مہنگائی سے ہر چیز کا ذائقہ پھیکا پڑ گیا،کیا پکانا ہے،کیا کھانا ہے، اس کا جواب درد سر بن گیا۔ برائلر گوشت 637 روپے فی کلو ہے جبکہ فارمی انڈے 410 روپے فی درجن ہیں   سبزی مارکیٹ  کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز مزید مہنگا ہو کر 245 روپے فی کلو کا ہو گیا  جبکہ مارکیٹ میں پیاز 270 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے،ٹماٹر 140 روپے کے بجائے 180 روپے فی  کلو تک بیچے جا رہے ہیں۔ اسی طرح مارکیٹ میں آلو 60، لہسن اور ادرک 700 روپے فی کلو دستیاب ہے،شلجم 70،اروی 200 اور مٹر 300 روپے  فی کلو مل رہے ہیں،پالک اور ساگ 70 سے 80،مولی 40 اور گاجر 60 روپے فی  کلو بیچی جارہی ہے جبکہ پھول گوبھی اور بند گوبھی 150 روپے فی کلو بک رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ کچھ بھی سستا نہیں،خریداری کیلئے پہلے  جیب  دیکھنا پڑتی ہے، مہنگائی اتنی ہے کہ دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ ادھر مارکیٹ ذرائع کے مطابق  انتہائی  سرد موسم سے سبزی کی فصل متاثر ہو رہی ہےجس کے باعث نرخ کم نہیں ہو رہے، آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید تیزی کا خدشہ بھی موجود ہے۔