پاکستان میں دو کروڑ 62 لاکھ بچے سکولوں سے باہر

01-21-2024

(ویب ڈیسک)تعلیم ہر انسان چاہے وہ امیر ہو یا غریب، مرد ہو یا عورت کی بنیادی ضرورت میں سے ایک ہے۔

تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے ترقی کی ضامن ہے مگر ہمارے ملک میں المیہ یہ ہے کہ پاکستان میں 2 کروڑ سے زائد بچے سکول جانے سے محروم ہیں۔ وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں، رپورٹ 22-2021 کے ڈیٹا پر تیار کی گئی ہے جو پیر کے روز جاری کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں جبکہ سندھ میں 76 لاکھ 30 ہزار، کے پی میں 36 لاکھ 30 ہزار اور بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں، وفاقی دارالحکومت میں 8 لاکھ بچے سکول نہیں جا رہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 39 فیصد بچے مختلف وجوہات کی بنا پر سکول نہیں جا رہے جبکہ سب سے زیادہ بلوچستان میں 65 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، بلوچستان کی نسبت خیبر پختونخوا کا تعلیمی معیار بہتر ہے، کے پی کے میں 30 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ کے مطابق 2016 اور 2017 میں 44 فیصد بچے سکولوں سے باہر تھے جبکہ 2021 اور 2022 میں 39 فیصد بچے سکول نہیں جا رہے۔ انٹر کی سطح پر دیکھا جائے تو 60 فیصد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں جبکہ میٹرک، مڈل اور پرائمری سطح پر بالترتیب 44 فیصد، 30 فیصد اور 36 فیصد بچے سکول نہیں جا رہے۔