نگران پنجاب حکومت کا صحافیوں کو پلاٹ دینے کا اعلان
01-21-2024
(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے صحافیوں کو پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کو 3 اور 7 مرلے کے پلاٹ دینے کا اعلان کیا جس کے تحت 23 سو پلاٹوں کیلئے درخواستوں کی وصولی پیر سے شروع ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اہل صحافی 28 جنوری تک درخواست جمع کرا سکتے ہیں، کوشش ہوگی 8 فروری سے پہلے پلاٹوں کی بیلٹنگ ہو جائے۔ نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے حقوق کیلئے کوشاں ہیں، صحافیوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں طویل مدتی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعلیٰ کا نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بھی پلاٹس دینے کا اعلان بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی سے نگران صوبائی وزیراطلاعات عامر میر نے ملاقات کی اور نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا رہائشی سکیم میں کوٹہ رکھنے کی درخواست کی۔ محسن نقوی نے درخواست منظور کرتے ہوئے رہائشی سکیم میں نیوز روم کے لئے 15 فیصد کوٹہ رکھنے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بھی پلاٹس ملیں گے۔