اداکارہ ریشم کا شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی پر اہم سوال

01-21-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی شادی پراہم سوال پوچھ لیا۔

ثنا جاوید اور شعیب ملک نے 20 جنوری کی صبح اپنی شادی کی تصدیق کی، اس جوڑی نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر پوسٹ کیں، ساتھ ہی کیپشن میں ‘الحمدللہ’ اور قرآن پاک کی آیت بھی لکھی۔ اس جوڑی کی اچانک شادی نے سب کو حیران کردیا، اس شادی پر جہاں کچھ شوبز فنکاروں نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کو مبارکباد دی تو وہیں معروف اداکارہ ریشم نے اہم سوال پوچھ لیا۔ ریشم نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کے اعلان کے بعد اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اس جوڑی کی شادی پر ردعمل دیا۔ اداکارہ نے کہا کہ “محبت کی انتہا اور پھر شادی اور پھر بیزاری اور دوریوں کا کھولتا ہوا سمندر”۔ اُنہوں نے صارفین سے اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے سوال کیا کہ “کیا شادی آج کے دور میں ایک فلاپ شو ہے؟” واضح رہے کہ شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔ دسمبر 2022 سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں لیکن دونوں سٹارز کی جانب سے طلاق کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی، تاہم اب شعیب ملک کی دوسری شادی کے بعد ثانیہ مرزا کے والد نے اُن کی بیٹی کی طلاق کی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب اداکارہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے پہلی شادی کی تھی، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں جبکہ سال 2023 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی۔