آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ، پاکستان کا افغانستان کوشکست دیکر فاتحانہ آغاز

01-21-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں افغانستان کویکطرفہ مقابلے کے بعد 181 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔

بفیلو پارک ایسٹ لندن میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں پاکستان انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے، شاہ زیب خان نے 106 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، سعد بیگ نے نصف سنچری سکور کی۔ افغان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 27 ویں اوور میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، عبید شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، شاہ زیب خان کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ کپتان سعد بیگ نے 55 اور ریاض اللہ نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، شمائل حسین 17، اذان اویس 5، احمد حسین 8، عبید شاہ 22، عرفات منہاس 8 اور محمد ذیشان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افغانستان کی جانب سے خلیل احمد نے 4 اور بشیر احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔  افغانستان کی جانب سے نعمان شاہ 26، سہیل خان 20، رحیم اللہ 20 اور حسن عیسیٰ خیل 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے عبید شاہ نے چار اور محمد ذیشان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔