بانی پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
01-20-2024
(لاہور نیوز) سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں آئندہ ہفتے کے لئے کیسز کی کازلسٹ جاری کر دی گئی۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مئی کیسز میں عبوری ضمانتیں مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت 23 جنوری کو ہو گی۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں ہائیکورٹ کا 3 رکنی بینچ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کے جیل ٹرائل کےخلاف درخواست پر سماعت 22 جنوری کو کرے گا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو موقف اختیار کر رکھا ہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں انکے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، عدالت اسے کالعدم قرار دے۔