برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالر اضافہ ہوا ہے: گوہر اعجاز
01-20-2024
(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ رواں سہ ماہی میں ملکی برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالر اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، برآمدی صنعتوں کو بجلی کے نرخ 9 سینٹ کرنے جا رہے ہیں جس سے برآمدات دو گنا بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس صرف برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، ایکسپورٹ کیلئے آسانیاں لا رہے ہیں، ہمیں ہر صورت اگلے دس سال میں10 گنا ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنا ہو گا، پاکستان کا سب سے سنجیدہ مسئلہ صرف معیشت کا استحکام ہے،ہمیں خود انحصاری کی طرف جانا ہی ہو گا۔ نگران وفاقی وزیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاور سیکٹر سمیت دیگر تمام سیکٹرز کو مضبوط بنا رہی ہے ،ہمیں ہر حال میں اسلامی معاشی قوت بھی بننا ہے، جولائی میں 2 ارب ڈالر ایکسپورٹ تھیں، اگرچہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تابع بھی ہیں، اس کے باوجود ہم نے 5 ماہ میں ایکسپورٹ سو فی صد بڑھائی ہے۔