پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ، الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج
01-20-2024
(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کے بعد پولیس نے الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شکایت پر ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دے دیا۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت کے بعد تھانہ ستوکتلہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ منظر عباس کھوکھر کے بیٹے کی مدعیت میں 10 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق نامعلوم افراد پٹرول سے بھری بوتلیں لے کر دفتر پر حملہ آور ہوئے اور آفس کے دروازوں اور بینرز پر پھینک کر آگ لگا دی۔ حملہ آور آفس میں موجود 50 ہزار مالیتی 30 کرسیاں اور ڈیڑھ لاکھ مالیت کا جنریٹر چوری کرکے لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے دفتر پر گزشتہ روز علی الصبح حملہ کیا گیا تھا۔