پنجاب: مبینہ پولیس مقابلے، 2 ڈاکو ہلاک اور 2 زخمی، مزاحمت پر شہری کو گولیاں مار دیں

01-20-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے، مزاحمت پر ایک شہری کو بھی گولیاں مار دیں۔

شیخوپورہ کے علاقے فیکٹری ایریا میں لوٹ مار کے بعد ڈاکو فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم لوٹ مار کے دوران شہری کو گولیاں مار کر فرار ہو رہے تھے، زخمی شہری کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہلاک ملزم سنگین نوعیت کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔ شجاع آباد میں پولیس ملزمان کو ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی کہ راستے میں گھات لگائے ملزموں نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کیلئے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دو ڈاکو زخمی ہو گئے، پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔