پاکستان کے مستقبل کیلئے عالمی سرمایہ کاری ضروری ہے: ڈاکٹر شمشاد اختر
01-20-2024
(ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے عالمی سرمایہ کاری ضروری ہے۔
آئی پی او سمٹ سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی اعشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، پاکستان کے مستقبل کیلئے عالمی سرمایہ کاری ضروری ہے، ملک کی معاشی بہتری اور استحکام کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کیپیٹل مارکیٹ کا غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ہے، مقامی وسائل کو متحرک بنانے کیلئے مستحکم کیپیٹل مارکیٹ ضروری ہے، چیلنجز کے باوجود سٹاک مارکیٹ میں اصلاحات لے کر آئے، مارکیٹ کی ترقی کیلئے پاکستان سٹاک ایکس چینج کے اقدامات نتیجہ خیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے ایکسپورٹ میں اضافہ، انفراسٹرکچر کی بہتری ضروری ہے، ہمارے اوپر بھاری ذمہ داریاں ہیں، کیپیٹل مارکیٹ سخت شرح سود پر ترقی نہیں کر سکتی، آئی ایم ایف کی دوسری قسط ملنے سے زرمبادلہ ذخائر 9 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔