شدید دھند، سال کے پہلے 20 دن میں 535 پروازیں منسوخ
01-20-2024
(ویب ڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا فلائٹ شیڈول زیادہ متاثر ہوا ہے اور مختلف ایئرپورٹس کی 19 پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 6 پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کی گئیں۔
موسمی خرابی کی وجہ سے جمعہ کو 45 پروازیں منسوخ اور 15 متبادل ایئرپورٹس پر اتاری گئیں۔ سال کے پہلے 20 دن میں موسمی خرابی کی وجہ سے 535 پروازیں منسوخ اور 125 سے زائد متبادل ایئرپورٹ پر لینڈ کرائی جا چکی ہیں۔ آج اسلام آباد کی 4 غیر ملکی پروازیں کراچی اور لاہور اتار لی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے پی کے 134 اور دمام اسلام آباد کی پرواز پی ایف 747 کو ری روٹ کرکے کراچی اتارا گیا۔ پی آئی اے کی شارجہ اسلام آباد کی پرواز پی کے 182 ابوظبی اسلام آباد کی پرواز پی کے 162، جدہ ملتان پی کے 840 کو لاہور لینڈ کرایا گیا جبکہ دبئی لاہور کی پرواز پی کے 204 کو اسلام آباد میں اتارا گیا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد گلگت، سکردو کی 4 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ سیالکوٹ بحرین، دبئی کی 4 غیرملکی پروازیں اور لاہور جدہ سعودی ایئر لائن کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ لاہور سے جدہ، دبئی، نجف، کراچی اور ریاض کی پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ اس کے علاوہ دوحہ، دبئی، جدہ بحرین اورمکہ کی پروازیں اسلام آباد سے وقت پر اڑان نہ بھرسکیں۔