دھند کے باعث مختلف موٹرویز ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند

01-19-2024

(لاہور نیوز) دھند کی شدت میں اضافے کے باعث مختلف موٹر ویز کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس عمران احمد کے مطابق موٹر وے ایم 5 ظاہر پیر سے شیر شاہ، ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک بند کر دی گئی ہے۔ عمران احمد نے بتایا کہ موٹر وے ایم 4 کو شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لئے بند کیا جاتا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ دھند کے موسم میں صبح 10 سے شام 6 بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عمران احمد کے مطابق دھند میں تیز رفتاری سے پرہیز کیا جائے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھا جائے، شہری معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔