مسلم لیگ ن کے انتخابی منشور کو حتمی شکل دے دی گئی
01-19-2024
(لاہور نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے انتخابی منشور کو حتمی شکل دے دی گئی، 27 جنوری کو لاہور میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ(ن) کے انتخابی منشور کو حتمی شکل دے دی گئی، ماہرین کی 36 کمیٹیوں کی تجاویز اور اقدامات پر مشتمل جامع منشور کسی بھی جماعت کی طرف سے عوام سے کیا گیا پہلا باضابطہ عہدنامہ ہو گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق منشور میں پاکستان کو نواز دو، 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، ن لیگ کا بیانیہ ہو گا مسلم لیگ ن کے منشور میں عوام کو ریلیف دینے کے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منشور میں اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد بجلی کے بھاری بلوں میں فوری ریلیف کے منصوبوں کا اعلان متوقع ہے ، منشور میں نوجوانوں کے لئے سب سے زیادہ مراعات دئیے جانے کا امکان ہے، جبکہ نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا اور برسر روزگار کرنے کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات بھی منشور کا حصہ ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق صحت کے حوالے سے اقدامات منشور کا لازمی حصہ ہیں جبکہ مفت علاج کی فراہمی پر خصوصی توجہ رکھی جائے گی ، بیماریوں سے بچاؤ، ماں بچے کی صحت کے پروگرام اور طبی عملے کے لئے مسلسل ری فریشرر کورسز کروائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ بھی منشور کا لازمی حصہ ہے ، خواتین کو معاشی میدان میں خود مختار بنانے کے لئے بھی کئی اقدامات منشور میں شامل ہیں۔