ماہرین نے نہار منہ آملے کا جوس استعمال کرنے کے فوائد بیان کردیے
01-19-2024
(ویب ڈیسک)ماہرین نے نہار منہ آملے کا جوس استعمال کرنے سے حاصل ہونے والے فوائد سے آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین کا اپنی تحقیق میں کہنا تھا کہ آملہ انسانی جسم سے سوزش کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اینٹی بیکٹیریل خصوصیت کا حامل ہے جو موسمی نزلہ زکام اور انفیکشن سے لڑنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے،اس کے علاوہ آملہ جلد اور بالوں کیلئے بھی بہترین خوراک ہے اور یہ جسم میں پانی کی کمی کو بھی پورا کرتا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ آگر آپ آملے کے زیادہ فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اسے نہار منہ استعمال کریں جس کیلئے آملے کا جوس بھی مفید ہے کیونکہ آملے میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات پائی جاتی ہے جو آپ کی قوت مدافعت کو مضبوط بنا کر بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اسی طرح آملہ سوزش کو دور کرکے جوڑوں کے درد کو بھی دور کرتا ہے،آملے کا جوس معدے کو صحت مند بناتا ہےاور کھانے کو جلدی ہضم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اس سے ہاضمے کے مسائل جیسے بدہضمی، تیزابیت اور قبض کو دور کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ شوگر کے مریض کیلئے آملے کا جوس بہترین ہے کیونکہ یہ خون میں شوگر کے لیول کو برقرار رکھتا ہے،اس کے علاوہ جسم سے کولیسٹرول کو کم کرکے دل کو صحت مند بھی بناتا ہے اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔