زویا ناصر کے انتقال کی خبریں،اداکارہ اپنی موت کی خبروں پر بول اٹھیں

01-19-2024

(ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زویا ناصر نے اپنی موت کی افواہوں پر افسوس کا اظہار کردیا۔

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں زویا ناصر نے  ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے عورت مارچ، اپنے کیریئر اور اپنی موت کی جھوٹی افواہوں سے متعلق بات کی۔زویا ناصر نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل میری بھابھی کا انتقال ہوگیا تھا،میں اپنی بھابھی کے بہت قریب تھی تو میں اُن کی اچانک موت کی وجہ سے گہرے صدمے میں تھی۔ اداکارہ نے کہا کہ بھابھی کے انتقال کی خبر میڈیا پر وائرل ہوئی تو کسی نے ناصر ادیب کی بہو کی جگہ بیٹی لکھ دیا تھا، پھر میری بھابھی کے بجائے میرے انتقال کی خبر پھیل گئی۔اُنہوں نے کہا کہ میرے انتقال سے متعلق کئی خبریں شائع ہوئیں، میرے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو بھی یہی لگا تھا کہ میرا انتقال ہوگیا ہے۔ زویا ناصر نے کہا کہ میں اپنی بھابھی کے انتقال کی وجہ سے صدمے میں تھی اور سوشل میڈیا استعمال نہیں کررہی تھی لیکن جب مجھے میرے انتقال کی خبر کا معلوم ہوا تو میں نے ان افواہوں پرردعمل دیتے ہوئے اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کی۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ میں پہلے ہی بھابھی کی وجہ سے غم میں تھی اور پھر اپنی جھوٹی خبر دیکھ کر مزید غمزدہ ہوگئی، اُس وقت میڈیا نے انتہائی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔