190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

01-19-2024

(ویب ڈیسک) احتساب عدالت اسلام آباد میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی ، ملزمان کی جانب سے لطیف کھوسہ، شہباز کھوسہ، عثمان گل، سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کی جانب سے امجد پرویز، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، عرفان بھولا پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں وکلاء تبدیلی کی درخواست دائر کی گئی ، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نئی وکلاء ٹیم میں بیرسٹر علی ظفر، سکندر ذوالقرنین اور عثمان گل شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے عدالت میں بیان دیا کہ فرد جرم میں لکھی قانونی اصطلاحات وکیل ہی سمجھا سکتے ہیں، وکیل کی غیر موجودگی میں چارج قبول ہی نہیں کرتا۔ بانی پی ٹی آئی کے نئے وکیل علی ظفر کی عدم موجودگی کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی 24 جنوری تک مؤخر کر دی۔