شہرِ لاہور میں مرکزی شاہراہوں سمیت محلوں کی دکانوں پر نیا ٹیکس عائد

01-19-2024

(لاہور نیوز) شہرِ لاہور میں مرکزی شاہراہوں سمیت گلی محلوں میں واقع دکانوں پر نیا ٹیکس عائد کر دیا گیا۔

نگران دور اقتدار میں لاہوریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا گیا۔ پانی کے بلوں  ، لائسنس فیسوں میں اضافے کے بعد تمام دکانوں سے بورڈز کا ٹیکس بھی لیا جائے گا۔ مرکزی شاہراہوں سمیت گلی محلوں میں واقع دکانوں پر نیا ٹیکس عائد کیا گیا۔ دکانوں کے ماتھے پر لگے بورڈز کا ٹیکس پی ایچ اے وصول کرے گا۔ پی ایچ اے نے شہر میں واقع دکانوں سے فیس اکٹھی کرنے کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دے دیا۔ ایک سال کے لئے لاہور کا ٹھیکہ 45 کروڑ روپے میں دیا گیا ہے۔ نجی کمپنی خاکسار نے لاہور میں واقع ایک لاکھ سے زائد کمرشل یونٹس کو نوٹس جاری کر دیئے۔ برانڈڈ اور نان برانڈڈ دکانوں کے لئے علیحدہ علیحدہ کیٹیگری بنا دی گئی۔ نان برانڈڈ شاپس کے لئے سات مختلف کیٹیگریز کی سڑکوں پر واقع دکانوں کے لئے ٹیکس مقرر کیا گیا۔ اے کیٹیگری سڑکوں پر واقع نان برانڈڈ دکانیں 33 روپے فی مربع فٹ ماہانہ کے حساب سے ٹیکس دیں گی۔ بی کیٹیگری میں 28 روپے، سی کیٹیگری میں 24 اور ڈی کیٹیگری میں 20 روپے فی مربع فٹ ماہانہ ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ ای کیٹیگری میں 17 روپے جبکہ ایف اور جی کیٹیگری میں 14 روپے فی مربع فٹ ماہانہ ٹیکس دینا ہو گا۔ برانڈڈ شاپس پر ہر کیٹیگری کی سڑک کے لئے ایک ہی ریٹ مقرر ہے۔ برانڈڈ شاپس نجی کمپنی کو بورڈز لگانے کا ماہانہ ٹیکس 39 روپے فی مربع فٹ ادا کریں گی۔ شہر میں واقع تمام دکانوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔