روپے کی اڑان، ڈالر مزید سستا، سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان

01-19-2024

(لاہور نیوز) پاکستانی روپے کی اڑان جاری ہے جبکہ ڈالر مزید سستا ہو گیا اور سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔

انٹر بینک میں آج کاروبار کے آغاز میں ہی ڈالر مزید سستا ہوا ہے، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 8 پیسے سستی ہونے کے بعد 279 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 279 روپے 98 پیسے کا تھا۔ سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان ادھر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے،پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 650 پوائنٹس کے اضافے سے 63 ہزار 805 پوائنٹس پر آ گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک ایران کشیدگی کے سبب انڈیکس 364 پوائنٹس یا 0.57 فیصد تنزلی کے بعد 63 ہزار 202 پوائنٹس  پر آگیا تھا۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے سٹاک مارکیٹ میں اس تنزلی کو پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی خبروں سے منسلک کیا تھا۔