شاداب خان فٹ قرار، ابرار احمد اور خرم شہزاد کا ری ہیب شروع

01-19-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ کیلئے ایک اچھی خبر ، قومی ٹیم کے اہم سپنر ابرار احمد اور خرم شہزاد نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میں ری ہیب شروع کر دیا جبکہ شاداب خان کو پانچ ہفتے کے ری ہیب کے بعد فٹ قرار دے دیا گیا ہے ۔

آسٹریلیا کے ساتھ  تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ابرار احمد ان فٹ ہوگئے تھے، ابرار احمد کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف فرسٹ کلاس میچ کے دوران دائیں ٹانگ میں درد کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوئے تھے ۔24 سالہ خرم پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد سٹریس فریکچر کا شکار ہو گئے تھے ۔ دوسری جانب آل راؤنڈر شاداب خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ٹخنے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا  تاہم اب شاداب خان نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پانچ ہفتے کی بحالی ( ری ہیب )  کے بعد صحت یاب ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر سہیل نے شاداب خان کے فٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان کو یہاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیکل ٹیم کے ری ہیب پلان سے گزرنے کے بعد فٹ قرار دیا گیا ،خرم شہزاد اور ابرار احمد کی انجری کی نوعیت کو سمجھنے کے لیے لازمی ٹیسٹ کرایا گیا، دونوں کھلاڑیوں کو ری ہیب پلان فراہم کیا گیا ہے جس پر وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں کام کریں گے۔