پروازوں میں مسلسل تاخیر، سی اے اے کا 2نجی ایئرلائنز کو شوکازنوٹس
01-19-2024
(لاہور نیوز) پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے۔
نوٹس میں کہا گیا ہےکہ ایئر بلیو اور سیرین ایئر اپنے اپنے فلائٹ آپریشنز بروقت اور باقاعدگی سے انجام دینے میں ناکام رہیں، دونوں آپریٹرز نے تسلیم شدہ ریگولیٹری قوانین کو نظر انداز کیا۔ سی اے اے کی جانب سے کہا گیا کہ ایئر بلیو اور سیرین ایئر کو مالی جرمانے، لائسنس کی معطلی یا منسوخی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، طے شدہ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دونوں آپریٹرز کو سات دن میں اپنے اپنے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔