پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا
01-19-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 سیریز کا چوتھا میچ آج کھیلا جائے گا، کمزور باؤلنگ اور ناکام بیٹنگ نے ایک اور وائٹ واش کے امکانات بڑھا دیئے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر شروع ہو گا، دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے آئیں گی، سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پاکستان کو سال کے دوسرے وائٹ واش سے بچنے کیلئے باقی دونوں میچ جیتنا ضروری ہیں۔ واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بھی کیویز نے 21 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو فن ایلن کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے 45 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ کمزور باؤلنگ اور ناکام بیٹنگ لائن کی وجہ سے چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کے جیتنے کے امکانات بہت کم ہیں، ہار کی صورت میں قومی ٹیم سال کے دوسرے وائٹ واش کے انتہائی قریب پہنچ جائے گی، اس سے قبل پاکستانی ٹیم آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز 0-3 سے ہاری تھی۔