حکومت تیل اور گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، نگران وزیر توانائی
01-18-2024
(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے امید ظاہر کی ہے کہ تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں حکومت کے اقدامات سے تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کیا جائے گا۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ ) کے زیر اہتمام پاکستان کا معاشی بحران ،چیلنجز اور آگے کا راستہ کے موضوع پر منعقدہ قومی سیمینار ہوا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل، جی ایچ پی ایل، ماڑی گیس اور غیر ملکی سمیت تیل و گیس کی کمپنیوں کو براہ راست 50 فیصد گیس فروخت کرنے جبکہ بقیہ 50 فیصد سرکاری گیس کمپنیوں کو فروخت کرنے کی اجازت دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کمپنیوں کو تیل اور گیس کی تلاش میں زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینا ہے،انہوں نے ساحلی اور سمندر ی تلاش کو بڑھانے کے لئے جغرافیائی مطالعے کی اہمیت پر زور دیا۔ محمد علی نے ریفائنریز، ایکسپلوریشن اور ٹرمینل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری پر زور دیا اور ہائیڈرو کاربن، قابل تجدید توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تحقیق اور ترقی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ توانائی کی گھریلو ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔