ہم 28 مئی والے لوگ ہیں، 9 مئی والے نہیں ، مریم نواز

01-18-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ 28 مئی والے ملک سنوارنے والے جبکہ 9 مئی والے ملک پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج پہلی بار حافظ آباد آئی ہوں، آج یہ منظر مجھے پوری زندگی نہیں بھولے گا، تمام کارکنان کو دل کی گہرائیوں سے شاباش دیتی ہوں، سب کو سلام پیش کرتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ سائرہ افضل تارڑ نے اچھے اور برے وقت میں نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، سائرہ افضل تارڑ محنتی خاتون ہیں، 8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بعد بات کرنا میرے لئے گستاخی ہے، مجھے امید ہے حافظ آباد کا ہر شخص نواز شریف کی بات پر غور کرے گا، مجھے یقین ہے ہر گھر میں نواز شریف کا پیغام جائے گا۔ سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا نواز شریف کو واپس لے کر آؤں گی، آج اللہ کے شکر سے نواز شریف کو واپس لے آئی ہوں، نواز شریف نے کہا تھا ہم 28 مئی والے لوگ ہیں، 9 مئی والے نہیں، 28 مئی 1999ء کو ایٹمی دھماکے ہوئے تھے، نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی ملک بنایا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ 28 مئی اور 9 مئی والے دن کوئی واقعات نہیں پوری داستان ہے، 28 مئی والے ملک کو سنوارنے والے لوگ ہیں، 9 مئی والے ملک پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں، ملک کو سنوارنے اور بگاڑنے والوں کی ایک تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی والے موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھانے والے لوگ ہیں، 9 مئی والے سڑکوں کا استعمال کر کے ملک کو آگ لگانے والے لوگ ہیں، 28 مئی والے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے والے لوگ ہیں، 28 مئی والوں نے ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالا۔ مریم نواز نے نواز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو یہاں سٹیج پر بیٹھا ہے یہ آپ کا ہمدرد ہے، نواز شریف نے آپ کے ہاتھ میں لیپ ٹاپس دیئے، ہر گھر میں بجلی، گیس ہو گی، بجلی کے ریٹس کم ہوں گے۔