جاننا چاہتے ہیں کس عنصر سے سموگ مضرصحت شکل اختیار کرتی ہے:محسن نقوی

01-18-2024

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جاننا چاہتے ہیں کس عنصر کی وجہ سے سموگ مضر صحت شکل اختیار کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین اورچینی ماہرین ماحولیات کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سموگ کے خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، چینی ماہرین کے وفد نے لاہور میں سموگ کے اسباب کے بارے میں ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نامیاتی اور غیر نامیاتی ایندھن کا غیر ضروری استعمال،فضاء میں زیادہ نمی سموگ کا باعث بنتی ہے، گردوغبار اور گھروں میں جلائی جانے والی گیس بھی سموگ کے اسباب میں شامل ہے، انڈیا سے کول پلانٹ سے آنے والی مضر فضاء پاکستان میں سموگ کا باعث ہے۔ چینی ماہرین نے بتایا کہ مختلف عناصر کا مخصوص تناسب لاہور اور گردونواح میں سموگ کا سبب بنتا ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ اورنائٹروجن سمیت مختلف عناصر کے مرکب سموگ کا روپ دھارتے ہیں،پنجاب حکومت نے سموگ کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات کیے اوربہترین پالیسی اپنائی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سموگ کے سدباب کیلئے جامع اورٹھوس رپورٹ چاہیے تاکہ حکومت کو آئندہ آسانی ہو، سکو ل بند،فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی اور ٹریفک میں کمی کے باوجود سموگ کا ہونا قابل غور ہے،سموگ کے خاتمے کیلئے چینی ماہرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں،جامع رپورٹ کی توقع ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کے سدباب کیلئے چینی ماہرین کو ضروری ڈیٹا فراہم کریں گے،  سموگ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بہت سے سوالات کے جوابات درکار ہیں، جاننا چاہتے ہیں کس عنصر کی وجہ سے سموگ مضر صحت شکل اختیار کرتی ہے۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ سموگ کا مسئلہ حل ہونے میں وقت لے گا،چین نے سات سال میں قابو پایا، چینی ماہرین کی میزبانی اورخیر مقدم پر وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کے مشکور ہیں۔