افغانستان کو شکست دیکر بھارت نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا

01-18-2024

(ویب ڈیسک) بھارت نے افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں کامیابی سمیٹ کر پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا۔

گزشتہ روز بنگلورو کے چنا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغان ٹیم کو شکست دی، بھارتی ٹیم نے روہت شرما اور رنکو سنگھ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کے خلاف 4 وکٹوں پر 212 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہوگیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سپر اوور کھیلا گیا، جس میں افغانستان نے ایک اوور میں 16 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے بھی سپر اوور میں 16 رنز سکور کیے اور سپر اوور بھی ٹائی ہوگیا۔ سپر اوور ٹائی ہونے کے بعد دوبارہ سپر اوور کروایا گیا، جس میں اس بار بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 11 رنز بنائے جبکہ افغانستان ٹیم صرف ایک ہی رنز بنا سکی اور یوں بھارت نے افغانستان کو ڈبل سپر اوور میں کامیابی سمیٹی۔ اس میچ میں کامیابی ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے پاکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جس نے 9 وائٹ واش سیریز جیتیں جبکہ پاکستان 8 وائٹ واش سیریز جیت چکا ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں 8، 8 ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر قابض تھیں تاہم اب بھارت نے پاکستان پر سبقت حاصل کرلی ہے۔